ممبئی ،27؍ نومبر (آئی این ایس انڈیا) جنوبی افریقہ میں کورونا کی ایک نئی شکل سامنے آنے کے بعد دنیا بھر میں افراتفری ہے۔ ممبئی انتظامیہ نے اس پر سختی کرتے ہوئے جنوبی افریقہ سے ممبئی ہوائی اڈے پر آنے والے مسافروں کے لیے قرنطینہ اور جینوم اسیکوینسنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ممبئی کی میئر کشوری پیڈنیکر نے کہا کہ اگر کوئی شخص کوویڈ 19 پوزیٹیو پایا جاتا ہے تو اس کی جینوم اسیکوینسنگ کی جائے گی۔ ممبئی انتظامیہ کی جانب سے یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں لیا گیا ہے جب کئی ممالک نے کورونا کے نئے ویرینٹ اومیکرون کی آمد کے بعد جنوبی افریقہ سے آنے والی پروازوں پر پابندی کا اعلان کیا ہے۔
ممبئی کے میئر نے کہاکہ ممبئی میں کورونا کے نئی شکل کے بارے میں خدشات ہیں۔ جنوبی افریقہ سے آنے والے افراد کے کورونا مثبت پائے جانے کے بعد ان کی جینوم ا سیکوینسنگ کی جائے گی۔ بیرون ملک جانے والی پروازوں پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ لیکن یہ فیصلہ ماضی کے تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔کشوری پیڈنیکر نے کہاکہ دوسرے ممالک میں کووڈ-19 کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ اس لیے باہر سے آنے والے لوگوں کا جینوم اسیکوینسنگ ٹیسٹ کیا جائے گا۔ میں سب سے درخواست کرتی ہوں کہ وہ سماجی دوری پر عمل کریں اور ماسک پہنیں تاکہ اس نئی وبا کو روکا جاسکے۔